راولپنڈی: (دنیا نیوز) رمضان سے قبل مہنگائی کا راج، راولپنڈی میں چینی کی قیمت ایک بار پھر 110 روپے کلو تک جا پہنچی۔ ضلعی انتظامیہ کا 85 روپے فی کلو نوٹیفکیشن دکانداروں نے ہوا میں اڑا دیا۔
ملک بھر میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری، ضلعی انتظامیہ کا 85 روپے فی کلو کا نوٹیفکیشن بھی کام نہ آیا، چینی سنچری عبور کر کے 110 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، مہنگائی کے مارے عوام چیخ اٹھے۔
راولپنڈی کی عام مارکیٹوں میں چینی 105 سے 110 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی اور گوجر خان میں قیمت 85 روپے فی کلو مقرر ہے۔ کلر سیداں، کہوٹہ اور ٹیکسلا میں 86 روپے جبکہ مری اور کوٹلی ستیاں کے لئے چینی کے نرخ 87 فی کلو مقرر کیے گئے ہیں۔
ایسے میں تاجر کہتے ہیں، چینی مہنگی ملے گی تو سستی کیسے بیچیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دو سال میں آمدن کم اور اخرجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں، اب تو نوبت فاقوں تک آن پہنچی ہے۔