فیصل آباد: (دنیا نیوز) ملک کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی چینی مافیا نے حکومتی ایکشن پر چینی کی سپلائی بند کررکھی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 110 روپے سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔
چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے سٹہ کھیلنے والوں کے خلاف حکومتی ایکشن، شوگر ڈِیلرز کی جانب سے چینی کی سپلائی بند کرنے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قلت، قیمت 110 روپے کلو سے بھی تجاوز کرگئی۔ پریشان حال شہری موجودہ صورتحال پر چینی کا ذخیرہ کرنے والوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
حکومتی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شوگر ڈیلرز کی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جبکہ ڈیلرز رجسٹریشن سے انکاری ہیں۔ گذشتہ کئی روز سے شوگر ملوں سے چینی کی سپلائی بند ہے اور صرف ہول سیل ڈیلروں کے پاس موجود چینی محدود پیمانے پر سپلائی ہورہی ہے جس کی وجہ سے منافع خور دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔