اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں عوام کے لیے سستے بازار لگا دیئے گئے، پانچ سستے بازاروں میں تمام اشیا میسر ہیں لیکن چینی آٹا ناپید ہیں۔ پشاور کے سستے بازاروں میں غیر معیاری اشیا فروخت ہونے لگیں۔
عوام کو ریلیف دینے کے لیے اسلام اباد میں پانچ سستے بازار لگائے گئے ہیں جہاں ایس او پیز کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے لیکن ان بازاروں میں اہم اشیا غائب ہیں، پانچ سستے بازاروں میں کہیں بھی آٹا اور چینی میسر ہی نہیں جس پر شہری مایوس نظر آئے، کہتے ہیں کہ جائیں تو جائیں کہاں، کہیں بھی چینی میسر ہے نہ ہی آٹا۔
بازاروں میں سبزیاں سستی تو پھل مہنگے ہیں، آلو عام بازار میں 51 جبکہ سستا بازار 47 روپے کلو، پیاز عام بازار میں 31 جبکہ سستا بازار میں 25 روپے کلو، لیموں عام مارکیٹ میں 288 جبکہ سستا بازار میں 255 روپے کلو مل رہے ہیں۔
سبزیاں سستی تو پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، سیب عام مارکیٹ میں 150مگر سستا بازار میں 200 روپے کلو، کیلے عام مارکیٹ 150 تو سستا بازار میں 170 روپے درجن جبکہ خربوزہ عام مارکیٹ میں 60 جبکہ سستا بازار میں 70 روپے کلو میسر ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلد ہی اٹا اور چینی سستا بازاروں میں دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 82 سستا مراکز قائم کیے جائینگے، پشاور میں مختلف علاقوں میں 5 سستا بازار قائم ہیں تاہم کہیں آٹا دستیاب نہیں تو کہیں چینی نہیں مل رہی، شہریوں کو بازاروں میں ملنے والے اشیاء کی کوالٹی اور دستیابی سے متعلق شکایات ہیں۔
شاہی باغ میں قائم سستا بازار میں زیادہ تر دکانیں بند ہیں، گوشت اور قیمہ سمیت دیگر اشیاء دسیتاب نہیں، دالوں اورسبزی کی کی قیمتیں بھی اوپن مارکیٹ کے مطابق ہی وصول کیی جارہی ہیں ۔