پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

Published On 17 May,2021 09:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ اوگرا نے پیٹرول پر ایک روپیہ 90 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل پر 3روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔

فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے سے حکومتی خزانے کو 2.77 ارب کا روپے بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ حکومت نے نہ صرف پیٹرولیم لیوی میں ا،یڈجسمنٹ کی بلکہ لائیٹ ڈیزل اور کیروسین آئل پر سیلز ٹیکس میں بھی کمی کی ہے

 ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے 30 اپریل کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتوں اضافے کے باوجود قیمتوں میں اصافہ نہیں کیا تھا جس سے 4.8ارب روپے کا بوجھ حکومتی خزانہ نے براداشت کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پانچ ماہ: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3روپے 35پیسے فی لٹر تک اضافہ

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، پٹرول کی قیمت 108روپے 56 پیسے فی لٹرپربرقرار ہے، ڈیزل کی قیمت 110 روپے 76 پیسےفی لٹرپربرقرار ہے، مٹی کےتیل کی قیمت 80روپےفی لٹرپربرقرار ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 77روپے 65 پیسےفی لٹرپربرقرار ہے۔

اس سے قبل حکومت نے 5 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3روپے 35پیسے فی لٹر تک اضافہ کیا، مٹی کا تیل 3روپے 35پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل ایک روپے 42پیسے فی لٹرمہنگاکیاگیا، اس عرصےمیں دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی، دو بار سستی اور تین بارقیمتیں برقراررکھی گئیں۔

حکومت نے رواں برس 16 جنوری کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4روپے 42 پیسے فی لٹر تک اضافہ کیا ، پٹرول 3روپے 20پیسے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2روپے 95پیسے، مٹی کاتیل 3روپے جبکہ لائٹ ڈیزل 4روپے 42پیسے فی لٹرمہنگا کیاگیا، سولہ جنوری 2021 کو پٹرول کی قیمت 109روپے 20پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 113روپے 19پیسے،، مٹی کاتیل 76روپے 65پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 76روپے 23 پیسے فی لٹر ہو گئی۔

تیس جنوری کوایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3روپے فی لٹر کا اضافہ کیاگیا، پٹرول 2روپے 70پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ 2 روپے 88پیسے، لائٹ ڈیزل 3روپے اور مٹی کا تیل 3روپے 54پیسے فی لٹر مہنگا ہوا، 16اور 28 فروری کو حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا،،

16 مارچ 2021کو بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقراررکھی گئیں، جبکہ مٹی کا تیل 3روپے 42پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 2روپے19پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا، 31 مارچ 2021 کو پٹرول ایک روپے 55پیسے، ڈیزل 3روپے، مٹی کا تیل ایک روپے 55پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل ایک روپے 56پیسے فی لٹر سستا کیا گیا۔

پندرہ اپریل کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2روپے 21پیسے فی لٹر تک کمی کی گئی،پٹرول 1روپے 79پیسے،ہائی اسپیڈ ڈیزل 2روپے 32پیسے،مٹی کا تیل 2روپے 6پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 2روپے 21پیسے فی لٹر سستا کیاگیا۔

تیس اپریل کو رمضان میں پٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہ کرکے عوام کو چار ارب 80کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، یکم مئی کو پٹرول کی قیمت 108روپے 56پیسے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 110 روپے 76پیسے،لائٹ ڈیزل 77روپے 65پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 80روپے فی لٹر تھی۔

Advertisement