کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں غریب عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا، بجٹ کے اعلان سے قبل ہی آٹا، چینی، دالوں سمیت روز مرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کوچھونے لگیں۔
کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں مہنگائی کا بڑھتے ہوئے طوفان میں روز بروز شدت آتی جارہی ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں غریب عوام کے لئے اب دو وقت کی دال روٹی پوری کرنا بھی اب مشکل مرحلہ ہے۔ شہر کی ہول سیل مارکیٹ سمیت پرچون کی دکانوں پر مختلف اقسام کی دالیں فی کلو 20 سے 50 روپے، گھی 20 سے 25 روپے اور چینی 30 روپے تک مہنگی ہو گئی ہیں۔
یوٹیلیٹی اسٹور میں بھی اشیائے خورونوش کی قیمتوں سمیت سبزیوں کی قیمتیں بھی اس قدر زیادہ ہیں کہ وہ بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں۔
شہریوں کا گلہ ہے کہ حکومت ان اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس نہیں لیتی جس سے مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیاہے۔