لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ مالی سال کے دوران بڑی عالمی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، چین کو برآمدات میں 34 فیصد، امریکہ کو برآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا ہے، مشیر تجارت رزاق داود نے برآمد کنندگان کو مبارکباد دی۔
مشیر تجارت رزاق داود نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال چین کو برآمدات میں 34 فیصد کااضافہ ہوا، مالی سال 21-2020 میں چین کو برآمدات 2 ارب 33 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ 20-2019 میں چین کو برآمدات 1 ارب 74 کروڑ ڈالر تھیں۔ سالانہ بنیادوں پر چین کو برآمدات میں 586 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
مشیر تجارت کے مطابق امریکہ کو سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 39 فیصد کا اضافہ ہوا، امریکہ کو ہماری برآمدات 5ارب 20 کروڈ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ 20-2019 میں امریکہ کو برآمدات 3 ارب 70 کروڑ ڈالر تھیں۔ سالانہ بنیادوں پر امریکہ کو برآمدات میں ایک ارب 45 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
رزاق داود نے کہا کہ جرمنی کو پاکستانی برآمدات میں 19 فیصد کا اضافہ ہوا، جرمنی کو برآمدات ایک ارب 30 کروڑ سے بڑھ کر ایک ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گئیں۔ نیدرز لینڈ کو پاکستانی برآمدات ایک ارب سے بڑھ کر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ہو گئیں، نیدرلینڈ کو برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 23 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مشیر تجارت کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پولینڈ کو برآمدات میں 28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پولینڈ کو پاکستانی برآمدات 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ 20-2019 میں پولینڈ کو برآمدات 24 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھیں۔ مشیر تجارت نے کہا کہ کورونا کے باوجود ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا، برآمدکنندگان اور وزارت تجارت کے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ آفیسر مبارکباد کے مستحق ہیں۔