پاکستان نے فیٹف کی مزید 4 سفارشات پر عملدرآمد مکمل کر لیا

Published On 13 August,2021 10:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایشیاء پیسفک گروپ نے منی لانڈرنگ پر پاکستان کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، فیٹف رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 4 مزید سفارشات پر عملدرآمد مکمل کرلیا، پاکستان نے 40 میں سے 35 سفارشات پر عملدرآمد کردیا، وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان چوتھے جائزے کیلئے اپنی پیش رفت جاری رکھے گا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے پاکستان کے منی لانڈرنگ اقدامات پر تیسری جائزہ رپورٹ کے نتائج شائع کردیئے گئے، رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 4 مزید سفارشات پر عملدرآمد مکمل کرلیا، پاکستان نے 40 میں سے 35 سفارشات پر عملدرآمد کردیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو جائزہ رپورٹ میں اکثریتی عملدرآمد کی کیٹگری "سی" میں رکھا گیا ہے، پاکستان نے کلیدی تمام 6 امور میں بھی اکثریتی عملدرآمد کی ریٹنگ حاصل کی، کلیدی امور میں منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ، ریکارڈ کیپنگ، مشتبہ ٹرانزکشن کے امور شامل ہیں، عملدرآمد ممالک میں پاکستان اٹلی، سعودی عرب اور برطانیہ کے بعد چوتھے نمبر ہے۔

وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان چوتھے جائزے کیلئے اپنی پیش رفت جاری رکھے گا، پاکستان چوتھے جائزے تک بقیہ 5 سفارشات پر عملدرآمد مکمل کرلے گا، پاکستان نے وسیع قانونی اصلاحات کرکے 17 قوانین کا نفاذ کیا۔

دوسری طرف وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ الحمد اللہ قوم کے لئے ایک اور اچھی خبرآئی ہے، اے پی جی کی پاکستان کی انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے لیگل فریم ورک پر تازہ رپورٹ جاری کی ہے ،پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی 40 میں سے 35شرائط پوری کردی ہیں ،اب پاکستان زیادہ مطابقت والے سلیکٹ گروپ کے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
 

Advertisement