لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سبزیں، برائلر گوشت کے بعد انڈے بھی عوامی قوت خرید سے باہر ہو گئے، شہر کے پرچون بازاروں میں روز مرہ استعمال کی اشیاء کے دام دن بدن بڑھنے لگے. سرکاری نرخ ناموں کی حیثیت محض نمائشی رہ گئی۔
شہر کے پرچون بازاروں میں مہنگائی کنٹرول نہ کی جاسکی، سرکاری نرخ ناموں کے برعکس اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کی جانے لگیں،مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈی لاہور کی سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیاں مہنگی کر دی گئیں۔
ادرک کی سرکاری قیمت 5 روپے اضافے کیساتھ 290 روپے کلو مقرر کر دی گئی جبکہ مارکیٹ میں ادرک 335 روپے کلو تک فروخت کیا جانے لگا ہے، کریلے کی سرکاری قیمت 5 روپے بڑھا کر 78 روپے کلو مقرر تاہم فروخت 90 روپے کلو تک کئے جا رہے ہیں۔
میتھی کی سرکاری قیمت 5 روپے بڑھا کر 88 روپے کلو مقرر کی گئی، فروخت 150 روپے فی کلو تک ہو رہی ہے، گھیا توری 10 روپے بڑھا کر سرکاری قیمت 83 روپے کلو مقرر کی گئی تاہم فروخت 95 روپے کلو تک ہونے لگی۔
مونگرے کی سرکاری قیمت 5 روپے مہنگا کر 140 روپے کلو مقرر تاہم بازار میں مونگرے کی فروخت 170 روپے کلو تک ہو رہی ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 42 روپے کلو مقرر، فروخت 60 روپے فی کلو تک، ٹماٹر کی سرکاری قیمت 150 روپے کلو مقرر تاہم درجہ اول کے ٹماٹر کی فروخت 190 روپے فی کلو تک جاری ہے۔
لہسن کی سرکاری قیمت 285 روپے کلو مقرر جبکہ فروخت 330 روپے فی کلو تک، آلو نیا کی سرکاری قیمت 73 روپے کلو مقرر جبکہ فروخت 90 روپے فی کلو، بینگن کی سرکاری قیمت 47 روپے کلو مقرر تاہم فروخت 60 روپے فی کلو تک کیا جا رہا ہے۔
برائلر گوشت 328 روپے کلو لیکن صافی گوشت 400 روپے کلو تک بکنے لگا، فارمی انڈے 182 روپے درجن لیکن مارکیٹ میں 190 روپے درجن تک بکنے لگے۔ مقامی مارکیٹ سے موٹی چینی بدستور غائب ہے۔