کوئٹہ میں سبزیاں، چینی اور آٹا سمیت ہر چیز مہنگی، شہریوں کا کارروائی کا مطالبہ

Published On 12 November,2021 03:10 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں سبزیاں، چینی ، آٹا سمیت ہر چیز مہنگی ہو گئی، پریشان حال شہری حکومت سے مہنگائی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ گراں فروشوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرنے لگے۔

کوئٹہ کی کاسی روڈ سبزی منڈی میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے اندر بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ مارکیٹ میں آلو فی کلو 100 جبکہ دھڑی 400 روپے، ٹماٹر 80 سے بڑھ کر 160 روپے، پیاز 30 سے 50 روپے جبکہ مٹر 350 روپے اور بھنڈی 150 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے۔

یہی نہیں چینی، آٹا سمیت روز مرہ استعمال کی اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھ کر 370 روپے پر فروخت ہو رہی ہے۔ غربت کے چنگل میں پھنسے شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں ہر شے کی قیمتوں کو پرلگ گئے جس کے باعث کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکومت مہنگائی کو قابو کرے۔
 

Advertisement