یوٹیلٹی سٹورز کو مکمل طورپر ختم کرنے کی تجویز سامنے آگئی

Published On 01 December,2021 10:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز آف پاکستان کو مکمل طورپر ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر دنیا کا سب سے غیرمعیاری گھی فروخت ہو رہا ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں غیرمعیاری اشیا فروخت نہ کرنے کی رپورٹ دے کر گھٹیا اشیا فروخت کرنے کا انکشاف کیا گیا جبکہ یوٹیلٹی سٹورز نے غیرمعیاری اشیا کو فروخت نہ کرنے کی رپورٹ جمع کرائی تھی۔

چیئرمین پی اے سی رانا تنویر نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز نے ارکان پارلیمنٹ اور عوام کو بیوقوف بنا رکھا ہے۔

رکن کمیٹی خواجہ آصف نے کہا کہ غیرمعیاری اشیا کی فروخت کا کام سیکرٹری صنعت وپیداوار کی ناک تلے ہو رہا ہے، ملک کی ناکامی کی وجہ بیوروکریسی ہےاور بیوروکریسی نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے۔

رانا تنویر نے اس موقع پر کہاکہ یوٹیلٹی سٹورز اشیا کی خریدوفروخت میں اربوں روپے کی کرپشن کر رہی ہے جبکہ رکن کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب اشیائے خورونوش پکانے سے بھی نہیں پکتی۔

چیئرمین رانا تنویر نے کہا کہ کرونا فنڈز میں یوٹیلٹی سٹورز کو 50 ارب میں 10 ارب جاری کیے گئے، یوٹیلٹی سٹورز کو جو رقم دی گئی اس میں کرپشن ہوئی، 12سو ارب روپے کے کرونا فنڈز میں سب نے اپنا اپنا حصہ نکالا۔

رانا تنویر حسین کی ہدایت پر ایف آئی اے سے یوٹیلٹی سٹورز کی تحقیقات کی رپورٹ 10 دنوں میں طلب کر لی گئی ہے۔
 

Advertisement