اسلام آباد:(دنیا نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو توانائی شعبے میں اصلاحات،احساس پروگرام،بنیادی ڈھانچے اور آبی وسائل سمیت 6مختلف منصوبوں کیلئے 1ارب 54کروڑ 30لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 6معاہدوں پر دستخط کیے گئے، پاکستان کی جانب سے معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور میاں اسد حیاء الدین اورایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یانگ ای نے دستخط کئے،وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب بھی تقریب میں موجود تھے-
معاہدوں کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک احساس پروگرام کیلئے 60 کروڑ 30 لاکھ،توانائی شعبے میں اصلاحات کیلئے 30 کروڑ،خیبر پختونخوا میں شہروں کی بہتری کے منصوبے کیلئے 38 کروڑ 50 لاکھ،خیبر پختونخوا میں شہروں کی بہتری کے منصوبے فیز ٹو کیلئے ایک کروڑ 50 لاکھ ،کرم تنگی آبی وسائل کے فروغ کے منصوبہ کیلئے 50 لاکھ اور وسطی ایشیائی اقتصادی ٹرانسپورٹ راہداری کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز فراہم کئے جائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عمر ایوب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کا شکریہ ادا کیا،نائب صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود پاکستان میں معیشت کی بحالی ہوئی،پاکستان معاشی اصلاحات پر عمل درآمد میں پیش رفت کررہا ہے-
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کورونا کی روک تھام اور ویکسین پروگرام کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔نائب صدر اے ڈی بی نے کہاکہ کورونا ویکسین پروگرام کیلئے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز فراہم کئے-