لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کے حوالے سے سرکاری نرخوں کے اطلاق کو یقینی نہ بنایا جاسکا، پرچون مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی مختلف نرخوں پر فروخت کی شکایات میں اضافہ ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گراں فروش مافیا سرگرم ہے، 68 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہونے کے باوجود سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی نہ بنایا جاسکا، لہسن، ادرک، آلو، بینگن اور دیگر سبزیوں پر سرکاری نرخوں کے بجائے 10 سے 20 روپے کلو تک زائد نرخ وصول کئے جانے کی شکایات عام ہیں۔
پھلوں کے حوالے سے صورتحال زیادہ خراب دکھائی دیتی ہے، امرود، کیلے، سیب، پپیتا اور دیگر پھلوں پر سرکاری نرخوں سے 10 سے 50 روپے تک زائد وصول کئے جانے کی شکایات معمول کی صورت اختیار کر چکی ہیں۔
صارفین کے مطابق یہ صورتحال متعلقہ اہلکاروں اور دکانداروں کی ملی بھگت کا بھی نتیجہ ہے تاہم حکام اِس تاثر کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق گراں فروشی پر ایف آئی آر درج کرانے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا چکا ہے۔