اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 13 فیصد ، پہلے 7 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، بڑی صنعتوں کی شرح نمو دسمبر میں 6.4 فیصد تک رہی ، شرح نمو جولائی سے دسمبر کے دوران 7.4 فیصد تک رہی اور اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 45 ہزار 132 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کی گئی جس کے مطابق پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر 9.1 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، ملکی برآمدات 27.4 فیصد اضافے سے 17.7 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں، درآمدات 55.1 فیصد اضافے سے 42.8 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 11.6 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 11.3 فیصد اضافے سے 1.16 ارب ڈالر رہی، پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 958.3 ملین ڈالر ہو گئی، مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1817.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، زرمبادلہ ذخائر فروری کے تیسرے ہفتے تک 22.99 ارب ڈالر ہوگئے، اسٹیٹ بینک 16 ارب 58 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.40 ارب ڈالر رہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق ڈالر کی شرح تبادلہ 176.16 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، 6 ماہ میں ٹیکس ریونیو 30.3 فیصد اضافے سے 3351 ارب روپے رہا، جولائی سے دسمبر میں نان ٹیکس آمدنی 14.6 فیصد کمی سے 764.9 ارب رہی ، جولائی تا دسمبر تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 566.3 ارب روپے منظورکئے گئے، اسی دوران مالیاتی خسارہ بڑھ کر 1371 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا ، پہلے 7 ماہ میں زرعی قرضے 3.4 فیصد اضافے سے 740.3 ارب روپے کی سطح پر رہے۔