کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں مہنگائی بے قابو ہو گئی، بکرےکےگوشت کی فی کلو قیمت 13 سو روپے، چکن 290 سے 3 سو 30 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے ۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی عدم موجودگی سے عوام شدید پریشان ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے ساتھ ہی گزشتہ 2 روز کے دوران 40 روپے اضافے کے ساتھ مرغی کی قیمت 330 روپے تک بڑھا دی گئی ۔ اس سے پہلے مرغی 290 روپے میں فروخت کی جارہی تھی ۔ مہنگائی کا اثر نہ صرف چکن بلکہ دیگر اشیائے خورونوش سبزیاں ، دالوں اور چینی پر بھی پڑا ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، جو مرغی کی قیمتوں میں اضافے کا بھی سبب بنا ہے، اس صورتحال سے نہ صرف عوام پریشان ہیں بلکہ دکاندار بھی عاجز دکھائی دیتے ہیں۔
عوام کا گلہ ہے کہ ایک طرف تو مہنگائی اور دوسری جانب شہر میں گراں فروشی کا بازار گرم ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی کی روک تھام کے لیے کوئی کمیٹی ہی فعال نہیں کی گئی۔