میڈیکل طلباء کی بھوک ہڑتال کا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا

Published On 14 February,2022 11:37 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) میڈیکل طلباء کی جاری تادم مرگ بھوک ہڑتال کا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا، قدوس بزنجو نے پی ایم سی حکام سے رابطہ کر کے معاملہ حل کرانے کیلئے کوششیں تیز کر دیں۔

کوئٹہ سمیت صوبے بھر سے میڈیکل طلباء کا پی ایم سی کی جانب سے رجسٹریشن کیلئے ٹیسٹ لیے جانے کیخلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال چوتھے روز میں داخل ہو گئی، گزشتہ چار روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے بیشتر طلباء کی حالت غیر ہو گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو نے بھی معاملہ جلد حل کرنے کے لیےکوششیں تیز کر دیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اسلام آباد میں پی ایم سی حکام سے رابطہ کرلیا ۔ پاکستان میڈیکل کونسل کا اجلاس 15 فروری بروز منگل اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری صحت کو پوری تیاری کے ساتھ اجلاس میں شریک کی ہدایت کرکے معاملہ جلد حل کرانے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت کواپنے میڈیکل طلباء کے مستقبل کے حوالے سے تشویش ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملہ کا جلد بہتر حل نکلے، وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو کا مزید کہنا ہے کہ اپنے بچوں کا مستقبل کسی صورت متاثر نہیں ہونے دینگے۔
 

Advertisement