اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد پر وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے سمنگلی ائیر بیس پر استقبال کیا۔ وزیراعظم اور وزیراعلی بذریعہ ہیلی کاپٹر نوشکی روانہ ہوئے۔ وزیراعظم نوشکی ایف سی کیمپ کا دورہ کریں گے اور ایف سی افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کرینگے۔
عمران خان کوئٹہ میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور سی پیک سمیت ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، دیگر وفاقی وزراء، ارکان قومی اسمبلی اور معاونین خصوصی بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ موجود ہیں۔
بلوچستان کے ضلع پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد وزیراعظم آج کوئٹہ کا اہم دورہ کر رہے ہیں۔