اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ چلے گئے، جہاں وہ دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے نوشکی جائیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم ایک روزہ دورے کے دوران گورنر بلوچستان، وزیراعلی بلوچستان وفاقی و صوبائی وزراء کے ہمراہ نوشکی جائیں گے۔ سانحہ نوشکی کے دوران شہید ہونے والے جوانوں کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے۔ نوشکی میں ایف سی کے جوانوں سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کو نوشکی کیمپ پر دہشتگردوں کے حملے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے۔ عمران خان کے ہمراہ وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر وزراء بھی ہوں گے۔ وزیراعظم گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کریں گے۔ عمران خان کوئٹہ میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو امن و امان سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت سی پیک ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق اجلاس بھی منعقد ہوگا۔