اسلام آباد:(دنیا نیوز) نیشنل الیکٹریک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5.94 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کے بعد قیمت بڑھنے سے صارفین پر58 ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنی ہوں گی تاہم اضافےکا اطلاق لائف لائن اور کےالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافہ عمران نیازی کا ایک اور یوٹرن ہے: شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافے کو عمران نیازی کا ایک اور یوٹرن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی نے اپنی روایت برقرارکھی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 5.94 روپے فی یونٹ ماہانہ اضافہ عوام کے خلاف غیرملکی سازش ہے جو پی ٹی آئی حکومت نے کی ہے۔ 58 ارب روپے کا اضافی بوجھ مہنگائی سے تباہ حال عوام پر ڈالنا ظلم، زیادتی اور سفاکی کی انتہاءہے۔یہ ہے وہ ظلم ہے جسے روکنے کے لئے تحریک عدم اعتماد لائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام دشمن ، جھوٹی حکومت سے نجات ہی قوم کو مہنگائی کے ظلم سے نجات دلائے گی ۔آئی ایم ایف کو پاکستان کے معاشی مفادات کے ہاتھ کاٹ کر دے دئیے ۔بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافے سے عوامی ریلیف کے جھوٹ کا پول کھل چکا ہے
ان کا کہنا تھا کہ گھی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے، خوردنی تیل کی فی لیٹر15 روپے ریلیف پیکج کا منہ چڑا رہا ہے ۔گزشتہ ماہ خوردنی تیل 75 روپے فی لیٹر، گھی کی فی کلو قیمت 66 روپے تک اضافہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ خسارہ ریکارڈ4.3 ٹریلین سے اوپر کی ہولناک سطح پر پہنچ گیا ہے، یہ معاشی تباہی کا کھلا ثبوت ہے ۔ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ریونیو اور قومی آمدن میں اضافے کے حکومتی دعووں کو جھوٹ ثابت کررہا ہے۔