بجلی کے نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی، رمضان ریلیف پیکج کی منظوری

Published On 07 March,2022 09:25 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ای سی سی نے وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے مطابق بجلی کے نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے جبکہ 8.28 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج بھی منظور کر لیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں کمی مارچ سے جون 2022ء تک 4 ماہ کیلئے کی گئی ہے جس سے صارفین کو 136 ارب کا ریلیف ملے گا، رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر 19 اشیائے ضروریہ پرسبسڈی دی جائے گی۔

ای سی سی نے کامیاب اوورسیز پروگرام کی بھی منظوری دی جس کے تحت کم آمدن تارکین وطن پاکستانیوں کو بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے، تارکین وطن 10 ہزار 180 افراد کو 3 لاکھ تک قرض فراہم کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں ای سی سی نے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2020ء میں ترامیم، توغ گیس فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو 16 ایم ایم بی ٹی یو گیس فراہمی، او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس کیلئے 42.89 کروڑ کے فنڈز کی فراہمی، تخفیف غربت و سماجی بہبود ڈویژن کیلئے 4.75 کروڑ روپے کی گرانٹ اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس پر اصل رقم اور سود کی ادائیگی کیلئے 135 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کر لی۔