لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول بم گرانے کے بعد اب بجلی 6 روپے سے زائد مہنگی کی جا رہی ہے، عوام کو "مہنگا ترین وزیراعظم " قبول نہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پہلے ہی پٹرول کی قیمت میں ظالمانہ اضافے سے آٹا چینی، کرائے سمیت ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے، عوام کو “مہنگا ترین وزیراعظم” قبول نہیں،عوام کی مزید بددعائیں لینے کے بجائےعمران نیازی گھر جائیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے مفاد میں قانون سازی کرلیتی ہے لیکن عوام کے ریلیف کے لئے دوتہائی کا جھوٹ گھڑ لیتی ہے، عمران نیازی اتحادیوں کو وزارتوں کا ریلیف دے سکتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لئے کچھ نہیں، رواں مالی سال کے 7ماہ میں خام تیل اور آئل امپورٹ بل 11.7 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنا تباہی کا تسلسل ہے، انرجی امپورٹس میں 125 فیصد کا ہوشربا اضافہ باعث تشویش ہے۔
شہباز شریف کہنا تھا کہ حکومت کو عالمی منڈی میں صرف اضافہ نظر آتا ہے، کمی نظر نہیں آتی، کاروباری برادری پریشان، عوام بے حال اور حکمران حالت انکار میں ہیں، عوام کو ریلیف تو نہ مل سکا، پونے چار سال سے حکومت صرف بہانے اور پیسے بنارہی ہے، ملک اور عوام کا معاشی دیوالیہ اور حکمرانوں کی آمدن میں اضافہ ہوچکا ہے، پیٹرول بم گرانے کے بعد اب بجلی 6 روپے سے زائد مہنگی کی جارہی ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کی نہ نیت رکھتی ہے نہ اہلیت، اس سے نجات سے ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔