عوام کیلئے بُری خبر: بجلی کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے اضافے کا امکان

Published On 19 February,2022 12:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کے لئے بُری خبر، بجلی کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ منظوری کی صورت میں صارفین پر تقریبا 60 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

 سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا 28 فروری کو سماعت کرے گی اور سماعت کے بعد اضافے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جنوری میں ہائیڈل سے 5.83 فیصد، کوئلے سے 33.15 فیصد جبکہ ڈیزل سے 6.73 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔ فرنس آئل سے جنوری میں 14.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کے مطابق مقامی گیس سے 14.37 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 7.12 فیصد، جوہری ایندھن سے 14.37 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ گزشتہ ماہ ہوا سے 2.22 فیصد اور بگاس سے 1.22 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے، ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 25 روپے 98 پیسے، فرنس آئل سے 22 روپے 80 پیسے اور ایل این جی سے بجلی کی فی یونٹ لاگت 16 روپے 70 پیسے فی یونٹ رہی۔

منظوری کی صورت میں بجلی صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

 

Advertisement