کراچی (دنیا نیوز) صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ حوصلہ افزائی، احساس ملکیت اور اپنی شناخت پر فخر کرنے کا ماحول پیدا کرنے کے لیے معیشت کے تمام شعبوں اور طبقات کو تسلیم کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ ترین چیمبر یعنی ایف پی سی سی آئی کے 9 ویں اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔
عارف علوی نے تاجر برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مختلف اہم حکومتی اقدامات اور کاروباری ریفارمز میں حکومت کا ساتھ دیں جیسا کہ خواتین انٹرپرینیورز اور افرادی قوت کو مواقع فراہم کرنا، ٹرانسپیرنسی کے لیے معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی و نئی صنعتوں کا قیام اور غیر رسمی معیشت کو دستاویزی اور رسمی معیشت میں تبدیل کرنا شامل ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان تاریخ کے ایک تباہ کن اور معاشی طور پر کمزور کر دینے والی وبا کی لہر سے کامیابی کے ساتھ نبرد آزما ہو چکا ہے اور اسی لیے اُن کمپنیوں کی کارکردگی کو سراہا جانا ضروری ہے کہ جنہوں نے معیشت کو رواں دواں رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ٹیکس ادا کرنا بھی جاری رکھا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ فیڈریشن کے اچیومنٹ ایوارڈز کا مقصد قومی معیشت کے تمام اہم شعبوں اور چھوٹے بڑے طبقات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہو ں نے مزید کہا کہ بطور صدر ایف پی سی سی آئی ان کے دور کی اولین ترجیح کاروباری برادری کے دیرینہ مسائل کو کامیابی سے حل کرنا ہوگی تاکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کی معاشی بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
صدر پاکستان نے معروف اور ہر دلعزیز کاروباری رہنما طارق سعید مرحوم کو ٹر یڈ پالیٹکس میں زندگی بھر کی خدمات اور کامیابیوں پر ایف پی سی سی آئی کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔
واضح رہے کہ طارق سعید نے کاروباری رہنماؤں کی ایک پوری نسل کی پرورش کی ہے، ان کا ایوارڈ ان کے صاحبزادے خرم طارق سعید نے وصول کیا۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں ناصر حیات مگوں کو ان کی کارباری خدمات کے اعتراف اور سال 2021 میں اپنے دور صدارت میں پاکستان کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی اجتماعی بہبود کے لیے جرات مندانہ پالیسی پوزیشنز لینے پراسپیشل پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم کو بھی سال 2021 میں کاروباری برادری کے درمیان یکجہتی کو فروغ دینے میں ان کے شاندار کردار اور مختلف وزارتوں اور محکموں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن قائم رکھنے پر اسپیشل پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا۔