اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دشمن سن لے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب ملے گا، تمام ممالک کےساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
اسلام آباد کی شکرپڑیاں گراونڈ میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔