یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ، جنگی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ

Published On 23 March,2022 09:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں مسلح افواج کی پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

اسلام آباد کی شکرپڑیاں گراونڈ میں ہونیوالی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ندیم رضا، مسلح افواج کے سربراہان اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر نے ایف سولہ طیارہ اڑاتے ہوئے دو جے 10 طیاروں کے ہمراہ صدر مملکت کو سلامی دی۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر بلال رضا اور ونگ کمانڈر حسن انیس ان کے ہمراہ تھے۔ فلائی پاسٹ میں شامل جے 10 جدید ترین لڑاکا طیارے ہیں جنہیں حال ہی میں پاک فضائیہ میں شامل کیا گیا ہے۔

پریڈ میں مسلح افواج کے بری، فضائی اور بحری دستوں کے علاوہ کمانڈوز، آرمڈ کور، ائیر ڈیفنس اور انجینئرز بٹالین سمیت ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے مواصلاتی دفاعی آلات کا بھی شاندار مظاہرہ کیا، جدید ترین میزائل، ٹینک اور توپخانہ بھی پریڈ کا حصہ بنائے گئے۔ دوست ممالک کی افواج کے دستے بھی پریڈ میں شریک ہوئے، ازبکستان کی مسلح فوج کا دستہ پہلی بار پریڈ میں شریک ہوا، آذر بائیجان کی بہادر افواج کے دستے نے بھی پریڈ میں شرکت کی، ترکی، بحرین اور سعودی عرب کے دستے بھی پریڈ میں شامل ہوئے۔

آج کی تقریب کی خاص بات او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کی شرکت ہے، او آئی سی کا فلوٹ بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ رواں سال یوم پاکستان کا تھیم “شاد رہے پاکستان” ہے، یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ “مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے۔
 

Advertisement