'آج 23 مارچ 1940ء کے جذبے کو دوبارہ تازہ کرنے کی ضرورت ہے'

Published On 23 March,2022 12:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے قائدین چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اورمونس الٰہی نے کہا ہے کہ جس جذبے کے ساتھ 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی اسی جذبے کو آج دوبارہ تازہ کرنے کی ضرورت ہے۔

یوم پاکستان پر پیغام میں سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ذاتی، سیاسی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، انسانیت کو لاحق انتہا پسندی اور غربت کے خطرات پر قابوپانا ہو گا۔ آج کے دن ایک بار پھر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور دفاعی اداروں کی ملکی بقا کی خاطر قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کا بچہ بچہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یوم پاکستان قوم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اور ملکی دفاعی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں جا سکتا۔

وفاقی وزیر مونس الہی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہندو اکثریت کے ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کا دن ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کشمیری بھائی عرصہ دراز سے غیر انسانی لاک ڈاؤن میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔
 

Advertisement