لاہور (دنیا نیوز) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان امن، رواداری خوشحالی کی ضمانت دیتی ہے۔
شیری رحمان نے تیئس مارچ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو 23 مارچ یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کرتی ہوں، 23 مارچ 1940 کے دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، قرارداد میں مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست ہو گی، قائد نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں عوام کو بنیادی حقوق، شخصی آزادی اور جان و مال کا تحفظ حاصل ہو، ہمیں پاکستان کو ترقی پسند اور خوشحال ملک بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہمیں اقلیتوں کے حقوق اور اظہار کی آزادی کو یقینی بنانا ہے، پیپلز پارٹی قرارداد پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے، پیپلز پارٹی نے پاکستان، جمہوریت اور وفاق کو مضبوط کرنے کے لئے آئین دیا، ہمیں قائد اعظم کی سوچ کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم تر ملک بنانا ہے۔