اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر عارف علوی نے ملک میں صنعتی ترقی کیلئے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2022ء جاری کر دیا۔
صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت آرڈیننس جاری کیا۔
آرڈیننس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کا فروغ، بیمار صنعتی یونٹس کا احیاء ہے، آرڈیننس کے تحت نقصان میں جانے والی اور بیمار صنعتوں کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے پیکیج دیا گیا ہے، آرڈیننس سے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء میں سیکشن 59سی ، 65ایچ ، 100 ایف کا اضافہ کیا گیا۔ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے ظاہر کردہ اثاثوں پر سرمایہ کاروں کو صرف 5 فیصد مقرر ٹیکس دینا ہوگا۔
ظاہر کردہ فنڈز صرف پلانٹ و مشینری خریدنے، انڈسٹری کے قیام کیلئے استعمال ہو سکیں گے، فائدہ مند کمپنیاں بیمار اور نقصان میں جانے والی صنعتیں حاصل کر سکیں گی، حوصلہ افزائی کیلئے بیمار صنعت کا ٹیکس نقصان اگلے 3 سال کیلئے ایڈجسٹ کیا جاسکے گا، سمندر پار پاکستانی، بیرون ملک اثاثوں کے حامل پاکستانی سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
آرڈیننس کے مطابق سرمایہ کار پیکیج کے تحت واپس لائی گئی رقم پر 100 فیصد ٹیکس کریڈٹ کے اہل ہوں گے، پیکیج کے تحت واپس لائی گئی رقم کے برابر ٹیکس کریڈٹ صرف 5 سال تک دیا جائے گا۔