لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں مہنگائی کا راج برقرار ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور نے دالوں کے دام 10 روپے سے لیکر35 روپے کلو تک بڑھا دیئے۔ برائلر، مٹن اور بیف غریب کی قوت خرید سے باہر ہے، مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈی لاہور نے 11 سبزیاں مزید مہنگی کر دیں.
مہنگائی کی شدت میں مزید اضافہ، دالیں10 روپے سے لیکر35 روپے تک مہنگی کردی گئیں، مٹن، بیف کے بعد اب برائلر بھی غریب خریدنے سے کترانے لگا۔ دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی قوت خرید سے باہر ہو گئیں۔
دال چنا 10 روپے مہنگی، 150 سے بڑھا کر160 روپےکلو کردی گئی۔ دال مسور موٹی 35 روپے اضافے سے 240 روپے فی کلو ہو گئی۔ دال ماش دھلی کی قیمت میں 10روپے اضا فہ فی کلو قیمت 275 روپے مقرر ہو گئی۔ دال ماش چھلکے والی 235 سے 245 روپے فی کلو ہو گئی۔ دال مونگ چھلکے والی 135 کی بجائے 145روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔
سفید چنا موٹا 20روپے اضافے کے بعد240 روپے فی کلو ہوگیا۔ چاول باسمتی سپر نیا20روپے اضافے سے 155فی کلو ہو گیا۔ دودھ 110 ، دہی 130 روپے کلو مقرر ہو گئی۔ مٹن 1100 روپے کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں فروخت 1600 روپے کلو تک ہونے لگا ہے۔ بیف 600 روپے مقرر لیکن 850 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری رہٹ لسٹ میں 11 سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، ٹماٹر کی سرکاری قیمت 10 روپے سے بڑھا کر 80 روپے کلو مقرر کر دی گئی تاہم ٹماٹر کی فروخت 100 روپے فی کلو تک جاری ہے۔
لہسن 10 روپے مہنگا کر کے سرکاری قیمت 320 روپے کلو مقرر کر دی گئی، فروخت 350 روپے فی کلو تک ہو رہا ہے۔ ادرک کی سرکاری قیمت 5 روپے بڑھا کر 210 روپے کلو مقرر کر دی گئی ـ مارکیٹ میں ادرک 240 روپے کلو تک فروخت کیا جانےلگا۔
ٹینڈے 40 روپے کلو، بینگن 40 روپے، کریلے 50 روپے کلو، پھول گوبھی 60 روپے، شلجم 50 روپے، بھنڈی 90 روپے، مٹر 190 روپے ، ٹینڈے فارمی 40 روپے ، میتھی 80 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔