وفاقی وزیر صنعت نے مقامی تیار ہونے والی گاڑیوں کے ریٹ میں اضافے کا نوٹس لے لیا

Published On 12 May,2022 03:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود نے مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں کے ریٹ میں اضافے کا نوٹس لے لیا اور انجینرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں کے ریٹ میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتوں میں حالیہ اضافے کا نوٹس لے لیا ہے اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہوا، صارفین کو گاڑیوں کی ڈلیوری بروقت کیوں نہیں کی جارہی، بروقت گاڑیاں ڈلیور نہ کرنے والوں کے خلاف اقدامات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

وفاقی وزیر نے بجٹ 2022-23 کیلئے گاڑیوں پر ٹیکس میں کمی کی تجویز بھی مانگ لی اور ساتھ گاڑیوں پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کی تفصیلات طلب کر لیں۔ رپورٹ میں قیمتوں میں حالیہ اضافے میں ڈالر، خام مال کی قیمت اور فریٹ چارجز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
 

Advertisement