ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.01 فیصد کا ریکارڈ اضافہ

Published On 24 June,2022 06:41 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک میں ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد مہنگائی کی شرح 1.01 فیصد ریکارڈ اضافے کے بعد مجموعی شرح 28.05 فیصد کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق ایک ہفتے میں 32 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، دال چنا 15 روپے 91 پیسے فی کلو، پیاز 4 روپے 9 پیسے، دال مونگ 9 روپے 2 پیسے، دال ماش 12 روپے 77 پیسے جبکہ دال مسور 10 روپے 32 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

ہفتہ وار بنیادوں پر آٹے کا تھیلا 24 روپے 89 پیسے، بیف 9 روپے 75 پیسے، مٹن 14 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، دودھ ، دہی، چاولو چائے اور چینی بھی مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے چار اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں، اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 51 روپے 83 پیسے سستا ہوا، ٹماٹر 7 روپے 24 پیسے، زندہ مرغی 19 روپے 84 پیسے فی کلو سستی ہوئی جبکہ پندرہ اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
 

Advertisement