پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں بی آر ٹی کی بسیں 10سال بعد نجی کمپنی کے حوالے کردی جائیں گی، نجی کمپنی کو 12 سال بعد بسیں دی جائیں گی، 12 سال یا 12 لاکھ کلومیٹر چلنے کے بعد بسیں کمپنی کو دینے کی شق معاہدے میں شامل ہے، بس کی قیمت فی کلومیٹر ریٹ کے رعایتی نرخ پر دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پشاور بی آر ٹی کی بسیں 12 سال بعد نجی کمپنی کو مل جائیں گی، بی آر ٹی اور نجی کمپنی کے درمیان بسوں کی حوالگی سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا، معاہدے کے تحت 12 سال بعد اربوں روپے کی بسیں نجی آپریٹرکمپنی کو دی جائیں گی۔
18 میٹر کی بس 12 سال چلنے کے بعد فی کلو میٹر 288 روپے کے حساب سے نجی آپریٹر کمپنی کو دی جائیں گی جبکہ اسی طرح 12 میٹر کی چھوٹی بسیں بھی 12 سال چلنے کے بعد مجموعی کلو میٹر کے حساب سے 144 روپے فی کلو میں نجی کمپنی کو مل جائیں گی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی کی 158 بسیں 4 ارب 23 کروڑ روپے میں خریدیں، بی آر ٹی روٹ پر چلنے والی ایک بس کی قیمت 4 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، بی آر ٹی حکام کے مطابق 12 سال یا 12 لاکھ کلو میٹر چلنے کے بعد بسیں کمپنی کو دینے کی شق معاہدے میں شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق بس کی قیمت فی کلومیٹر ریٹ کے رعایتی نرخ بھی معاہدے میں شامل ہے، بی آر ٹی ملک کے دیگر شہروں میں چلنے والی بس سروس کی طرح لیز ماڈل پر چلائی جارہی ہے، لیز میں فی کلو میٹر بس کے پیسے شامل کیے گئے ہیں، مدت پوری ہونے پر بسیں نجی کمپنی کو حوالے کرنے سے سرکاری کمپنی کا نقصان نہیں ہوگا۔