عالمی اداروں سے اربوں ڈالرز ملنے کا سگنل، روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی

Published On 05 August,2022 04:35 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے اربوں ڈالر ملنے کے گرین سگنل ملنے کے بعد ملک بھر میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 2 روپے گیارہ پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 226 روپے 15 پیسے سے کم ہو کر 224 روپے 4 پیسے ہو گئی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کم ہو کر 226 روپے پر فروخت پر پہنچ گئی ہے۔

6 دنوں کے دوران انٹربینک میں امریکی ڈالر 15 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 27 روپے سستا ہوچکا ہے روپے کی قدر بڑھنے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 2 ہزار ارب روپے کمی ہوئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے امریکی ، سعودی، یو اے ای حکام سے رابطے کے بعد امید ہے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی قسط جلد جاری ہوجائے گی ۔ ڈالر کی قدر مصنوعی انداز میں بڑھائی گئی تھی،ڈالر کی حقیقت میں بنیادی قدر 180روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ سٹیٹ بینک اور دیگر حکومتی اداروں کی عدم توجہی کے باعث انٹر بینک میں بڑے پیمانے پر سٹہ بازی کی وجہ سے ڈالر اس قدر بلندی پر پہنچ گیا تھا تاہم ادارے اب متحرک ہوگئے ہیں جس کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی شروع ہوگئی۔

Advertisement