پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1 ارب ڈالر سے زائد ملنے کی توقع

Published On 27 July,2022 04:52 pm

نیویارک:(دنیا نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر قرض کی قسط حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا جس سے پاکستان کے غیر ملکی بانڈز اور کرنسی پر دباؤ کم ہوجائے گا۔

فچ کی جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے بورڈ کی جانب سے متوقع قرض کی منظوری ہونے کے بعد دیگر ملکوں اور مالیاتی اداروں سے بھی مدد ملنا شروع ہوجائے گی جس سے انویسٹرز کا اعتماد بڑھے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی رسہ کشی آئی ایم ایف سپورٹ کی تاخیر کا سبب بن رہی ہے۔

دوسری جانب موڈیز ریٹنگ ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام پر عمل درآمد نہ کرسکے گا کیونکہ ایسے میں جب لوگ مہنگائی کا شکار ہوں حکومت کے لیے ٹیکسز بڑھانا مشکل ہوسکتا ہے۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت آئی ایم ایف کے نسخے پر عمل نہیں کرے گی تو اس سے مستقبل میں آنے والی مالی معاونت کھٹائی میں پڑ جائے گی۔
 

Advertisement