اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ رواں مالی سال عالمی مالیاتی ادارہ پاکستان کو 4 ارب ڈالر دے گا، پاکستان کو آئی ایم ایف نے ایک سال میں 4 ارب ڈالر کبھی نہیں دیئے، پاکستان کو امدادی دوستوں اور اداروں کا اعتماد حاصل ہے، ملک دیوالیہ نہیں ہوگا، آئی ایم ایف بھی پاکستان کو دیوالیہ نہیں ہونے دے گا۔
اسلام آباد میں دنیا نیوز سے غیر رسمی بات چیت میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ امدادی ملک کی حمایت حاصل ہے اور حالات بہت جلد بہتر ہونے والے ہیں، عمران خان کے بیانات ڈالر کے مقابلے روپے کی اچانک بے قدری کا سبب ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام طے ہوچکا ہے اور قرض بحال ہوچکا، اب عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک بھی فنڈز دیں گے، سعودی عرب کی جانب سے اچھی خبریں جلد آجائیں گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر مشکل فیصلے کیے، وزیرا عظم شہباز شریف نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دی، آئی ایم ایف کی شرائط پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں، آئی ایم ایف کی جو شرائط تھی وہ مان لی ہیں اب آئی ایم ایف راضی ہو گیا ہے، آئی ایم ایف کا وعدہ ہے پاکستان کو معاشی میدان میں گرنے نہیں دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بنک اور مالیاتی ادارے بھی پاکستان کو فنڈز دیں گے، بیرونی ادائیگیوں اور درآمدی بل میں اضافہ کی وجہ سے پاکستانی کرنسی پر دباؤ ہے، رواں ماہ کے دوران ابھی تک درآمدی بل 2.60 ارب ڈالر ریکارڈ ہوا، درآمدی بل میں کمی کے باعث روپیہ پر پریشر میں کمی ہو گی، گزشتہ ماہ کی نسبت کرنٹ اکاؤنٹس خسارہ دو ارب ڈالر سے کم ہو کر ایک ارب ڈالر رہ جائے گا، اگست میں ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف سے پیسے ریلیز ہو جائیں گے، ملک پر قرضوں کے بوجھ کے باعث معاشی میدان میں مشکلات کا سامنا ہے، آئی ایم ایف کو سستا پٹرول اور سستا ڈیزل سکیم پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔