کراچی:(دنیا نیوز) غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث روپے کا انتہائی برا حال، ڈالر کی بلند ترین اڑان، انٹر بینک مارکیٹ میں ایک ہی روز قدر 6 روپے 80 پیسے بڑھ گئی۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کے قرض پروگرام کی بحالی کے معاہدے کے باوجود روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، انٹر بینک مارکیٹ ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے دن کے آغاز ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا اور کاروبار کے دوران ڈالر ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح سے تجاوز کر گیا۔
انٹر بینک میں ڈالر اضافے کے بعد 221 روپے 99 پیسے پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں 8 روپے اضافے کے ساتھ 224 روپے 50 پیسے میں ٹریڈ ہوا۔
ڈالر مہنگا ہونے سے قرضوں کے بوجھ میں 1400 ارب روپے اضافہ بھی ہوگیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی ڈالر کی قدر میں 3 روپے 5 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد 216 روپے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب سٹا ک مارکیٹ بھی مندی کا شکار رہی، 100انڈیکس 978 پوائنٹ کمی کے ساتھ 40 ہزار 389 پر بند ہوا۔