اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر کے قرضے کے پروگرام کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی بحالی میں ترقیاتی شراکت داروں، خاص طور پر اے ڈی بی کے کردار کو سراہتے ہوئے بی آر اے سی ای پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے 1.5 ارب امریکی ڈالر کی بجٹ سپورٹ کی منظوری پر اے ڈی بی بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اے ڈی بی کے صدر آساکاوا مستگو Masatsugu Asakawa اور ان کی پوری ٹیم کے حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مستقل بحالی پر زور دیتے ہوامید ظاہر کی کہ اے ڈی بی کا 1.5 ارب ڈالر کا قرض پاکستان کی معاشی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے گا۔
اے ڈی بی کے نائب صدر چی شین( Shixin Chi) نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اے ڈی بی بورڈ نے گزشتہ جمعہ کو رقم کی منظوری دی تھی،اقدام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔