اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ویڈیو بیان میں پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے فیصلے کا اعلان کیا اور کہا کہ موجودہ قیمتیں آئندہ 15 روز تک برقرار رہیں گی۔
گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، انکم ٹیکس گوشوارے اب 30 نومبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس وقت ملک میں پٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہے، جس پر حکومت 32.42 روپے پٹرولیم لیوی حاصل کر رہی ہے، ڈیزل کی قیمت 235.30 روپے ہے جس پر پٹرولیم لیوی 12.58 روپے ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت 191.83 روپے ہے جس پر پٹرولیم لیوی 15 روپے لگی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 186.50 روپے کی سطح پر ہے اور پٹرول لیوی 10 روپے حاصل کی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے ایل سی میں بڑی رعایتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تین ماہ سے پھنسی ہوئی ایل سی میں رعایت دیں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پہلے 50 ہزار ڈالر تک ایل سی کو کلیئر کرنے کی اجازت دی تھی، اب ایک لاکھ ڈالر کی ایل سی بھی یکم نومبر سے کلیئر ہوں گی
وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد ایل سی رکی ہوئی تھیں، پہلے 4350 ایل سیز کلیئر کراچکے ہیں اور اب مزید 1350 ایل سیز فوری کلیئر ہوجائیں گی۔