اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبر پختونخوا میں صحت کے مضبوط نظام پروگرام کے لئے 100 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدے پر دستخط کر دئیے ،وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے حکومت پاکستان جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان ریذیڈنٹ مشن کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے معاہدے پر دستخط کئے۔
خیبر پختونخوا حکومت اورایشیائی ترقیاتی پروگرام کے درمیان صوبے میں پروگرام کے نفاذ کے لیے ایک اور معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے، دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
اس موقع پربتایا گیا کہ نتیجہ خیز قرض پروگرام بنیادی ڈھانچے اور آلات کو جدید بنا کر ثانوی ہسپتالوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا، معاہدے کے تحت کلینیکل پروٹوکولز، معیارات و رہنما خطوط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے، انسانی وسائل کی منصوبہ بندی اور ادویات کی سپلائی چین کے انتظام کو بہتربنایاجائیگا۔
اس پروگرام کا مقصد خیبر پختونخوا میں صحت کے ثانوی نظام کو تبدیل کرنا ہے، پروگرام سے تقریبا 38 ملین افراد مستفیدہوں گے جن میں خواتین بھی شامل ہیں،پروگرام سے خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں بہتری اور بچوں کی شرح اموات میں کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں سے رعایتی قرضوں کا انتظام کر کے سیلاب کے بعد کے حالات میں بہتر سے بہتر تعمیرات میں صوبائی حکومتوں کی مدد کی جائیگی۔