75 سالہ معاشی کارکردگی ناقص، آج ہم در در ڈالرز کی بھیک مانگ رہے ہیں، سلمان شاہ

Published On 14 January,2023 11:59 pm

لاہور (دنیا نیوز) سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کا کہنا ہے پاکستان کی 75 سالہ معاشی کارکردگی اتنی خراب ہے کہ آج ہم در در ڈالرز کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

الحمراء آرٹس کونسل میں تھنک فیسٹ 2023 کی جانب سے نجکاری کی ضرورت اور چیلنجز کے حوالے سے خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا، سابق چئیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر اور سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ پینل میں موجود تھے۔

سلمان شاہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پاکستان کی 75 سالہ معاشی کارکردگی پر کوئی خوش نہیں ہے، آج ہم در در ڈالرز کے لیے بھیک مانگ رہے ہیں، ہماری ایکسپورٹس اتنی نہیں جتنی امپورٹس ہیں، اکانومی تیز ہوتی ہے تو ڈالرز ختم ہو جاتے ہیں۔

سلمان شاہ کا کہنا تھا مشرف دور میں قرضوں کو ختم کرنے کے لیے اثاثے بیچنے کی پالیسی پر زیادہ کام ہوا، مشرف دور میں ملک کے قرضے نجکاری کے بعد جی ڈی پی کا 50 فیصد ہوئے، 1 ٹریلین سرکاری اداروں کو سپورٹ کرنے کے لیے خرچ ہوتا ہے مگر نتائج مثبت نہیں ہیں، سرکاری ادارے اعلانات کے باوجود ٹھیک نہیں ہوئے۔
 

Advertisement