اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مخبرکی شناخت لیک ہونے پر ایف بی آر کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ نجی کمپنی کے اکاؤنٹنٹ نے کمپنی کے مبینہ ٹیکس فراڈ کی معلومات ایف بی آر کو دی تھی، مخبر کی معلومات کمپنی کے مالک کو لیک کر دی گئیں، ملازم کو دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا ایف بی آر وضاحت کرے کہ معلومات کو مکمل طور پر کیوں استعمال نہ کر سکا۔
صدر علوی نے وفاقی ٹیکس محتسب کے حکم کے خلاف ایف بی آر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر اپنے متعلقہ اسیسمنٹ آرڈر پر نظرثانی کرے اور مخبر کو سماعت کا موقع فراہم کرے، یہ واقعہ مخبری کے تصور اور اس حوالے سے قانون سازی کے سخت خلاف ہے، معلومات سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ایف بی آر نے بہت سست روی کا مظاہرہ کیا۔