اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سابق حکومت نے روس سے سستے تیل کا صرف ڈھنڈورا پیٹا، ہم نے حصول ممکن بنایا۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت پٹرولیم کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے سفر کے لیے توانائی کی فراہمی ضروری ہے، وزیراعظم نے کل بتایا روس سے معاہدہ ہو چکا ہے، روس سے جلد سستا تیل آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 2033 تک ترکیہ سے درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ
مصدق ملک نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے توانائی کی کمی کو پورا کر رہے ہیں، جلد ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، گزشتہ حکومت نے روس سے تیل درآمد کا صرف ڈھنڈورا پیٹا، روس سے تیل کے حصول کو موجودہ حکومت نے ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 10 سے 14 ارب ڈالر کی ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا، آئل ریفائنری کے قیام سے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ادویات کی قیمتوں میں 70 فیصد اضافے کی اجازت دے دی گئی
وزیر مملکت پٹرولیم نے کہا کہ ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کی پالیسی بنائی گئی ہے، امیروں سے سستی گیس واپس لے کرعوام کو فراہم کی جائے گی، فیصلے سے عوام کو سہولت فراہم ہو گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہمیں توانائی کے ذرائع کو ذمہ داری کیساتھ استعمال میں لانا ہو گا، آج کچھ لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کر دیا گیا ہے۔