لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے لینڈ ایڈمنسٹریشن سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور انہیں بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ایڈوانس سافٹ ویئر کے استعمال سے لینڈ ریکارڈ میں نئی اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کی ٹریننگ کا آغاز ضلع لاہور اور ساہیوال سے کر دیا گیا ہے، مئی میں باقی تمام اضلاع میں رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن پورٹل سے آگاہی کیلئے باقاعدہ مرحلہ وار ٹریننگ مکمل کر لی جائے گی، اس دوران تمام اضلاع کے سب رجسٹرار اور ان کے عملہ کو ٹریننگ دی جائے گی۔
ای رجسٹریشن کی بدولت صارفین کو گھر بیٹھے خود کار طریقے سے ای سٹامپ ویب پورٹل سے چالان کا حصول، بنک آف پنجاب میں مقررہ فیس کی ادائیگی، گھر بیٹھے از خود وثیقہ لکھنے کی سہولت، بائع مشتری اور گواہان کا اندراج جیسی سہولیات میسر آئیں گی۔
ای رجسٹریشن سے سب رجسٹرار کے سامنے بیانات اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد رجسٹری کی نقل کا حصول کم سے کم وقت میں ممکن ہوگا جبکہ صارفین کے ریکارڈ کا تحفظ، سٹاف کی مؤثر مانیٹرنگ اور رجسٹری کے معاملات میں دھوکہ دہی کا خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔