اسلام آباد : (دنیانیوز) صوبہ پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی ۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں صوبوں میں نگران حکومتیں اپنی آئینی مدت پوری کر چکی ہیں، آئین میں دی گئی مدت کے دوران دونوں صوبوں میں انتخابات نہیں کرائے گئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے انتخابات کرانے کے فیصلے پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، نگران حکومتوں کا مزید برقرار رہنا آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں :سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون 2023 کیخلاف درخواست دائر
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پنجاب اور خیبرپختونخوا کی منتخب اسمبلیوں کی بحالی کا حکم دے۔
شہری رائے اشتیاق کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت خزانہ و داخلہ ، الیکشن کمیشن اور وزارت دفاع کو فریق بنایا گیا ہے، نگران وزرائے اعلیٰ اور دونوں صوبوں کے گورنر بھی فریقین میں شامل ہیں ۔