منکی پاکس کیسز: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا محکمہ صحت کو الرٹ رہنے کا حکم

Published On 26 April,2023 07:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں منکی پاکس کے 2 مریضوں کی تصدیق کے بعد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے بھی محکمہ صحت پنجاب کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا۔

نگران وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اور پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اس دوران پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں منکی پاکس کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز قائم کرنے، علاج کیلئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خصوصی ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا، وائرس کے پیش نظر خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

کمیٹی میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہیں، کمیٹی منکی پاکس کے حوالے سے صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لے گی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافروں میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، سول ایوی ایشن، این سی او سی اور دیگر متعلقہ ا داروں کے تعاون سے فلائٹ کے دیگر مسافروں کو ٹریس کیا جائے گا۔
 

Advertisement