لاہور ہائیکورٹ نے شہباز گل کیخلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی

Published On 26 April,2023 11:33 am

لاہور : (ویب ڈیسک ) لا ہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کے خلاف مزید درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عدالت نے شہباز گل کو 4 ہفتوں کے لئے امریکا جانے کی اجازت دی،  ایئرپورٹ جانے پر انہیں ہراساں کیا گیا اور مزید 5 مقدمات کے اندراج کا بتایا گیا، ہمیں نئے درج ہونے والے کسی کیس کا کوئی علم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور ہائیکورٹ نے شہبازگل کو 4 ہفتوں کیلئے امریکا جانے کی اجازت دیدی

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں، پولیس اور متعلقہ ادارے معلومات بھی فراہم نہیں کررہے ہیں ، آئین کے تحت کسی شہری کے خلاف یک طرفہ کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی، آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت ہر شہری کو شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت مقدمات کی تفصیلات منظر عام پر لانے کے احکامات صادر کرے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ بھی طلب کی تھی ۔
 

Advertisement