آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 3مئی تک توسیع

Published On 26 April,2023 10:58 am

لاہور : (دنیانیوز) احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کا حکم جاری کردیا۔

احتساب عدالت لاہور کے جج شیخ سجاد احمد نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، رہنما تحریک انصاف نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔

جج احتساب عدالت نے کہا کہ یہ ضمانت ہومیو پیتھک طریقے سے چلانی ہے، جس پر عثمان بزادر کے وکیل نے کہا کہ ہم نے سوالنامے کا جواب تیار کرلیا ہے آج نیب آفس میں جمع ہوگا۔

جج شیخ سجاد احمد نے عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ بزادر صاحب عدالت کو عدالت سمجھیں، میں اس معاملے پر بڑا سخت ہوں، فیصلہ میرٹ پر ہوگا، اگر آپ کا حق بنتا ہوا تو آپ کو انصاف ملے گا، اگر میرٹ پر پورا نہیں اترتے تو ضمانت نہیں ملے گی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اگر عثمان بزدار نے اپنے آفس کو صاف شفاف طریقے استعمال کیا ہے تو ٹھیک، اگر اس میں کوئی غلط یا غیر قانونی کام ہوا تو رپورٹ میں ضرور نیب تفتیشی لکھے، تفتیشی صاحب آپ نے ان کو قانون کے مطابق ڈیل کرنا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ 20 اگست 2018 سے 16 اپریل 2022 تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر رہا، اس دوران کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، بعدازاں عدالت نے عثمان بزادر کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی۔
 

Advertisement