لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے علاقے میں 16 گھوسٹ سرکاری سکولوں کا انکشاف ہوا ہے۔
عثمان بزدار کے علاقے کھرڑ بزدار میں 16 گھوسٹ سرکاری سکولوں میں بزدار خاندان نے ڈیرے بنا رکھے ہیں، ان سکولوں کا سٹاف بھی بزدار فیملی کا ہے جسے باقاعدگی سے فنڈز بھی مل رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں عثمان بزدار، عمر بزدار، طور بزدار اورشبیر چوہان کو تین اپریل کو اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر طلب کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز ، خیال کاسترو،سابق ایم پی اے لطیف نذر ،ملک عمر فاروق اورشکیل شاہد کے خلاف بھی گھپلوں کی تحقیقات جاری ہیں اورآئندہ ہفتے گرفتاریاں شروع کر دی جائیں گی۔
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن نے ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی دور کے حکومتی ارکان کے خلاف شکنجہ سخت کردیا ہے، سابق وزرا میں شاید ہی کوئی ہو جسے طلب نہ کیا گیا ہو۔
سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے گوجرانوالا کی تحویل میں تھے جہاں سے انہیں ایک سڑک کی تعمیر میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور انہیں ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور منتقل کردیا گیا۔