لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، عدالت پیش ہونے سے قاصر ہیں۔
وکلا نے استدعا کی کہ عثمان بزدار کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے جس پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ کی عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کے احکامات جاری کر دیئے۔
واضح رہے کہ نیب نے رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انکوائری شروع کر رکھی ہے۔