لاہور : (دنیانیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عبوری ضمانت کیلئے عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں عثمان بزدار کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، جسٹس طارق سلیم شیخ نے عثمان بزدار کی درخواست پر سماعت کی، عثمان بزدار کی جانب سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی خان میں عثمان بزدار کےخلاف دس انکوائریز اینٹی کرپشن میں جاری ہیں، عثمان بزدار کو اینٹی کرپشن کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عثمان بزدار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اینٹی کرپشن کو عثمان بزدارکو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکا جائے ۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ عثمان بزدار خود کہاں ہیں؟ سابق وزیراعلیٰ کے وکیل نے جواب دیا کہ عثمان بزدار سے بذریعہ فون رابطہ ہوا ہے وہ عدالت آنے کو تیار ہیں، لیکن اس وقت دوسرے شہر موجود ہیں اور ان کی طبیعت ناساز ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر گرفتاری کا خدشہ تھا تو عدالت آنا چاہیےتھا، عدالت چاہتی ہے کہ آپ سب سسٹم کےاندر آئیں،قانون سب کےلئے برابر ہے اگر ضمانت لینی ہے تو عدالت پیش ہوں، عثمان بزدار کے وکیل نے استدعا کی کہ عثمان بزدار کو عدالت پیشی کےلئے مناسب وقت دیاجائے۔
بعد ازاں عدالت نے عثمان بزدار کو عبوری ضمانت کے لیے روبرو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی۔