عثمان بزدار کے کورونا میں مبتلا ہونے کا سن کر جج برہم، آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم

Published On 10 April,2023 11:02 am

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت لاہور کے جج آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کے کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے کورونا میں مبتلا ہونے کا سن کر برہم ہوگئے۔

احتساب عدالت نمبر 4 کے جج سجاد احمد شیخ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 24 اپریل تک توسیع کر دی۔

دورانِ سماعت فاضل جج نے استفسار کیا کہ 8 بجے کا وقت تھا، ملزم آئے نہ ہی ان کا وکیل پیش ہوا، عدالت آپ کا انتظار کر رہی ہے، یہ کیا طریقہ ہے؟

ایسوسی ایٹ وکیل نے جواب دیا کہ عثمان بزدار کورونا میں مبتلا ہیں، انہیں بخار ہے۔

فاضل جج نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو گونگا بہرہ نہ سمجھیں، میں نے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دینا ہے، ڈی جی خان کے ہسپتال سے کورونا کی رپورٹ تیار کرا لی گئی ہے، یہ وہ ہسپتال ہے جس کا خود عثمان بزدار نے افتتاح کیا تھا۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر عثمان بزدار پیش ہوں، ورنہ ان کی ضمانت خارج کر دی جائے گی، ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، وہ عدالت میں پیش نہیں ہوتے، ایسے نہیں چلے گا۔